پاکستان
23 جنوری ، 2012

حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا خصوصی خیال رکھتی ہے،گورنر سندھ

کراچی … گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستانی ایک معتدل،روشن خیال اور ترقی پسند قوم ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم بین ا لمذاہب اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی اور اخوت ومحبت کی پیکر ہے۔وہ مسیحی برادری کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے ڈاکٹر ما لرائن ھکی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔ گورنر نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا خصوصی خیال رکھتی ہے۔انہوں نے پاکستان کے بارے میں ڈاکٹرمالرائن ھکی کی خصوصی دلچسپی اور نیک خواہشات واحسان کا شکریہ ادا کیا ۔ڈاکٹر ھکی نے گورنر سندھ کی صوبے میں امن واخوت اور لوگو ں کی بے لوث و بلاتفریق خدمات کو سراہا ۔انہوں نے بحیثیت گورنرطویل ترین مدت تعینات رہنے پر بھی ڈاکٹر عشرت العبا د خان کو مبارک باد بھی دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی دعاکی ۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ کراچی دنیا کے دس بڑے میگا شہروں میں شمار ہوتا ہے اور یہ مسلم دنیا کا سب سے بڑا شہر ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں تمام مذاہب ،نسل ،فرقوں اور زبان کے لوگ اتحاد و یکجہتی سے رہنے کے خواہاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون اور ان تمام طبقات کے نمائندہ رہنماؤں کے تعاون سے ہم آہنگی اور رواداری کا ماحول یقینی بنایا گیا ہے۔ڈاکٹرما لرائن ھکی نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان اور پاکستانیوں سے بڑی محبت ہے اور گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات ان کی دیرینہ خواہش تھی۔

مزید خبریں :