17 اپریل ، 2012
ماسکو /واشنگٹن …اسٹاک ہوم پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق فوجی اخراجات میں اضافے کے 13 سال سے برقرار عالمی رجحان میں کمی واقع ہوئی ہے ،2010 کی نسبت2011میں عالمی فوجی اخراجات میں محض 0.3فیصد اضافہ ہوا،1998 کے بعد پہلی بار2011 میں امریکا کے فوجی اخراجات میں پچھلے سال کے مقابلے میں 1.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم روس اور چین کے فوجی اخراجات میں اضافہ ہوا۔منگل کواسٹاک ہوم پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کئی ممالک نے بجٹ کے خسارے میں کمی کی خاطر فوجی اخراجات کو کم کر دیا تھا۔اسٹاک ہوم پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے تجزیہ نگار فوجی اخراجات کے بارے میں معلومات کے علاوہ سب سے بڑے فوجی اخراجات کرنے والے دس ممالک کی فہرست بھی منظر عام پر لائے ہیں۔ پہلے کی طرح آج بھی امریکا کو اس فہرست میں اولین مقام حاصل ہے۔ چین دوسرے نمبر پر ہے۔ روس ،برطانیہ اور فرانس کو پیچھے چھوڑ کر پانچویں سے تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ برطانیہ اور فرانس کو بالترتیب چوتھا اور پانچواں مقام حاصل ہوا ہے۔ ان کے بعد جاپان، بھارت ، سعودی عرب، جرمنی اور برازیل آتے ہیں۔