17 اپریل ، 2012
کراچی…سندھ میں صحیع شدہ انتخابی فہرستیں نادراکو بھیجنے کا کام شروع ہوگیا ہے۔ سندھ میں ابتدائی ووٹر فہرستوں کے اعتراضات دور کرنے اور نئے فارم پْر کرنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد فہرستیں نادرا کو بھیجنے کا عمل شروع کردیا گیا۔ جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے الیکشن کمشنر سندھ سونو خان بلوچ نے بتایا کہ آویزاں کی گئی ابتدائی فہرستوں پر اعتراضات دور کرنے اور رہ جانے والے ووٹرز کے لئے فارم پر کرنے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تصحیح اور تصدیق شدہ انتخابی فہرستیں اب نادرا کو بھیجی جارہی ہیں، صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ بلوچستان میں غلطی سے رجسٹرہونے والے ووٹرز کی بھی تصحیح کو یقینی بنایا گیا ہے۔سندھ میں ابتدائی الیکٹرول لسٹوں میں ایک کروڑ 81 لاکھ سے زائد ووٹرزکا اندراج کیا گیا تھا۔جس میں سیاسی، مذہبی و سماجی جماعتوں اور عوام کی جانب سے مختلف اعتراضات سامنے آئے تھے جبکہ سپریم کورٹ نے بھی ووٹرلسٹوں کوجلد مکمل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔سونوخان بلوچ نے بتایا کہ اعتراضات اور رہ جانے والے ووٹرز کے اندراج سے ووٹرزکی تعداد میں اضافہ متوقع ہے اور حتمی فہرستیں مئی کے آخری ہفتے میں آویزاں کردی جائیں گی۔