17 اپریل ، 2012
پشاور… پشاور میں ایک نجی تعلیمی ادارے کے طلبہ نے چار سال گزرنے کے باوجود ڈپلومہ نہ ملنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین طلبہ نے دلہ زاک روڈ پر کالج کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک پر ٹائر جلائے۔ اس موقع پر طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ جن پر کالج انتظامیہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مشتعل طلبہ نے نعرہ بازی بھی کی۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ میڈیکل سائنس کا دو سال کا کورس چار سالوں میں مکمل کروایا گیا اوراب انھیں ڈپلومہ نہیں دیا جا رہا ہے۔ مظاہرین کے مطابق کالج بند اور عملہ غائب ہوچکا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے کے خلاف کارروائی کی جائے ،مظاہرین نے محکمہ صحت سے اپیل کی انھیں انصاف دلایا جائے۔