17 اپریل ، 2012
اسلام آباد…وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات میں ملکی سلامتی اور مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔ جب کہ کابینہ کی دفاعی کمیٹی نے 20 اپریل کو گیاری سیکٹر میں برف تلے دبے جوانوں کی سلامتی کے لیے یوم دعا منانے کا اعلان کیا ہے۔ترجمان کے مطابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں برفانی تودے تلے دبے افراد کے لیے دعا ئے خیر بھی کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ امریکا اور نیٹو سے تعلقات کے بارے میں پارلیمنٹ کے رہنما اصولوں پر من و عن عمل کیا جائے گا،بین الاقوامی تعلقات کے لیے پارلیمنٹ کے رہنما اصولوں سے حکومت کے ہاتھ مضبوط ہوئے ہیں ،پاک ا مریکا تعلقات اہم نوعیت کے ہیں اور اس حوالے سے ملکی سلامتی اور مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ خارجہ پالیسی کے لیے پارلیمنٹ کے متفقہ رہنما اصول جمہوری عمل میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، پارلیمنٹ نے پیغام دیا ہے کہ سب ممالک کے ساتھ باہمی احترام اور خود مختاری کے ساتھ تعلقات قائم ہونے چاہئیں۔ذرائع کے مطابق کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں امریکا اور نیٹو سے تعلقات بارے پارلیمنٹ کی سفارشات اور نیٹو سپلائی کی بحالی سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔