18 اپریل ، 2012
پورٹ آف اسپین…ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنالیے۔ کارلٹن باؤ 17 اور فیڈل ایڈورڈ صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ آسٹریلوی اسپنر ناتھن لایون نے صرف 16 رنز دے 5 وکٹیں حاصل کیں، سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے لایون نے پہلی مرتبہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کی ہے۔ ویسٹ انڈیز نے گذشتہ روز کے اسکور 49 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، مہمان ٹیم کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب براوو 38 رنز بناکرپویلین واپس لوٹ گئے۔ چندرپال اور ڈیونارین نے پانچویں وکٹ کی شاندار شراکت میں 130 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کسی حد تک مستحکم کردی، 230 کے مجموعی اسکور پر ڈیونارین 55 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اس موقع پر لایون نے شاندار بالنگ اسپیل کراتے ہوئے 16 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، یوں 252 رنز پر ویسٹ کی 9 وکٹیں گر گئیں۔ مہمان ٹیم کو اس وقت بھی 59 رنز کے خسارے کا سامنا ہے اور اس کی صرف ایک وکٹ باقی ہے۔