09 ستمبر ، 2014
بغداد......عراق کی پارلیمنٹ نے نئی اتحادی حکومت کی توثیق کر دی ہے حیدر العبادی اتحادی حکومت کے وزیرِ اعظم ہیں۔ شیعہ رہنما حیدر العبادی کی قیادت میں قومی متحدہ حکومت میں کُرد اور سُنی نائب وزرا شامل ہیں۔ وزیرِاعظم نوری المالکی کے استعفے کے بعد حیدرالعبادی کو حکومت بنانے کی دعوت دی گئی تھی۔ پارلیمنٹ کے 328 میں سے 177 ارکان نے نئی متحدہ حکومت کے حق میں ووٹ دیا۔۔ کابینہ میں سابق وزیرِ اعظم ابراہیم جعفری کو وزیرِ خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔ سابق وزیرِاعظم نوری المالکی، آیاد الاوی اور سابق پارلیمانی اسپیکر اُسامہ النجفی کو نائب صدور کے رسمی عہدے دیے گئے ہیں۔وزیرِ اعظم نے ایک ہفتے کے اندر اندر وزیرِدفاع اور وزیرِ داخلہ مقرر کرنے کا وعدہ کیا ہے۔امریکی صدر باراک اوباما نے عراق کی نئی حکومت کے قیام کو اہم قرار دیا ہے۔