14 ستمبر ، 2014
دارالسلام .... عرفان صدیقی...... تنزانیہ پاکستان کی بھرپور سرمایہ کاری کا خواہشمند ہے ،یہاں سرمایہ کاری کرنے والے پاکستانیوں کو پاک تنزانیہ چیمبر آف کامرس بھرپور تعاون فراہم کرے گا ،یہ بات پاک تنزانیہ چیمبر آف کامرس کے صدر خالد محمود چٹھہ نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی ، انھوں نے کہا کہ تنزانیہ مشرقی افریقہ کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت ہے تاہم بدقسمتی یہ ہے کہ نہ حکومت پاکستان اور نہ ہی پاکستانی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں جس سےیہاں بھارتی سرمایہ کاری اور اثر وسوخ میں اضافہ ہورہا ہے ، ضرورت اس بات کی ہے کہیہاں پاکستان کی اعلیٰ ترین شخصیات جن میں صدرپاکستان ، وزیر اعظم پاکستان اعلیٰ ترین سرمایہ کاروں کے ساتھ دورہ کریں تاکہ تنزانیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں بہتری آئے اور یہاں پاکستانی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو ، خالد محمود چٹھہ کے مطابق اس وقت تنزانیہ میں صرف تین ہزار پاکستانی جبکہ ایک لاکھ بھارتی شہری مقیم ہیں ، لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان میں تنزانیہ میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے سیمینارز منعقد کیے جائیں ، پاکستانی سرمایہ کاروں کو تنزانیہ کا دورہ کرایا جائے ، پاک تنزانیہ چیمبر آف کامرس اپنی بھرپور خدمات انجام دے گا ۔