19 اپریل ، 2012
واشنگٹن ... وزیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی وجہ سے پاکستان کو معاشی نقصان ہوا ہے اور ملک میں بیرونی سرمایہ کاری شدید متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے یہ بات واشنگٹن میں بروکنگ انسٹی ٹیوٹ سے خطاب میں وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث پاکستان کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔ تقریر کے بعد جیونیوز سے گفتگو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت اپنے اخراجات کم کررہی ہے اور امریکہ سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ آئی ایم ایف کو قرضہ ادا کرنے کے لئے ایک اشعاریہ چار بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ریجنل ٹریڈ کے بارے میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ بہتر تجارتی تعلقات خطے میں استحکام کے لئے انتہائی ضروری ہیں اور یہ دونوں ممالک کی کوششوں سے ہی ممکن ہے۔عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں کے سرمایہ کار ایسی پالیسیاں چاہتے ہیں جو پاک بھارت باہمی مفاد میں ہوں۔