پاکستان
25 ستمبر ، 2014

مہاجر دشمنی کے خلاف ہر گلی محلے میں دھرناہوگا، الطاف حسین

مہاجر دشمنی کے خلاف ہر گلی محلے میں دھرناہوگا، الطاف حسین

لندن.......ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ رابطہ کمیٹی نے آج سے مہاجر دشمنی اور رینجرز کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف کراچی کی ہر گلی محلے میں دھر نوں کافیصلہ کیا ہے، دھرنے کے شرکا ء احتجاجی دھرنوں کے دوران ایمبولینس او رمریضوں کولے جانے والی گاڑیوں کا راستہ نہ روکیں ، کراچی امن وامان کیس میں سپریم کو رٹ کے فیصلے کے مطابق تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کے عسکری ونگ ہیں لیکن رینجرزاور پولیس صرف ایم کیوایم کے دفاتر اور کارکنوں کے گھروں پر غیر قانونی چھاپے مار کر بے گناہ کارکنوں کو گرفتار کر رہی ہے ۔یہ بات انہوں جمعرات وزیر اعلیٰ ہاوس سندھ کے باہر احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے ٹیلی فون پر خطاب کر تے ہوئے کہی۔ دھرنے میں رابطہ کمیٹی کے ارکان ، حق پرست عوامی نمائندے ، ذمہ داران اور کارکنان کے علاوہ رینجرز کی جانب سے ایم کیوایم کے دفترپرچھاپے کے دوران گرفتار کئے گئے کارکنوں کے خانہ خانہ بھی شریک تھے ۔ الطاف حسین نے کہا کہ جھوٹوں ، منافقوں اور شیاطین پر اللہ کی لعنت ہے ۔انہوـںنے انکشاف کیا کہ سپریم کورٹ کے ججز بشمول سابق چیف جسٹس سب کاذب،منافق اور شیاطین ہیں اور افتخار محمد چوہدری سب بڑا شیطا ن ہے ،سپریم کورٹ نے کراچی میں امن امان کی خراب صورتحال کے اسباب جاننے کیلئے کراچی میں عدالتی کمیشن بنایا اور سپریم کورٹ کی کراچی بینچ نے شہر میں بھتے کی پرچیاں دینے ، اغوا برائے تاوان کی وارداتیں او رٹارگٹ کلنگ کے ذمہ دار عناصر کے تعین کیلئے عدالت لگائی ،لیکن جب کراچی کے متاثرہ عوام گواہی دینے عدالت پہنچے تومنافق جج عدالت چھوڑکر بھاگ گئے۔اس وقت ٹی وی چینل کے بعض رپورٹر ز اور اینکر پرسنز جوان منافق ججوںکی اولاد تھے منافقین کی ترجمانی کر کے قوم کو گمراہ کرتے رہے کہ ایم کیوایم نے عدالت پرقبضہ کرلیا ۔ الطاف حسین نے کلمہ پڑھتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم نے عدالت پر قبضہ نہیں کیاتھا بلکہ جب سپریم کورٹ نے کراچی امن و امان کیس کے سلسلے میں شہادتیں طلب کیںتو 12مئی کے سانحہ کے عینی شاہدین جس میں پیپلز پارٹی ، اے این پی ، سنی تحریک سمیت تمام جماعتوں کے لوگ شامل تھے ۔اس موقع پر ایم کیوایم کے لوگ اتنی بڑی تعداد میں عدالت پہنچے تو میڈیا کے نمائندوں نے سب سے بڑے شیطان کے کہنے پر یہ خبر چلائی کہ ایم کیوایم نے عدالتی کارروائی نہیں ہونے دی اور ججوں کو پچھلے دروازے سے بھاگنا پڑا، الطاف حسین کہا کہ کراچی امن وامان کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی او رسپریم کورٹ نے یہ فیصلہ دیا کہ جماعت اسلامی ، پیپلز پارٹی ، اے این پی ، ایم کیوایم ،مسلم لیگ ، سنی تحریک ، سپاہ صحابہ ، ،سپاہ محمد،لشکرجھنگوی سمیت ہر جماعت کے عسکری ونگز ہیں لیکن ٹی وی چینل کے رپورٹر ز ،اینکر پرسنز، اور تجزیہ نگار ایم کیوایم کے سوا کسی سیاسی ،مذہبی جماعت کا نام نہیں لیتے اور جب بھی عسکری ونگ کی بات آتی ہے تو صرف ایم کیوایم کا نام لیا جاتا ہے۔ایم کیوایم نے تحفظات کے باوجود اس آپریشن کی حمایت کی ۔لیکن جھوٹے الزامات کے تحت صرف ایم کیوایم کے دفاتر اور کارکنوںکے گھروں پر پانچ ہزار سے زائد چھاپے مارے جاچکے ہیں ، کیا کسی اور سیاسی و مذہبی جماعت کے دفاتر پر رینجرز نے چھاپے مارے ؟انھوں نے آرمی چیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کراچی میں ایم کیوایم کے سیکٹر آفس پر جس طر ح چھاپہ مارا گیا ہے اس سے مہاجروں کے ضبط کا بندھن ٹو ٹ چکا ہے اور اسلام آباد میں احتجاجی دھرنے ہوسکتے ہیں تو مہاجروں سے تعصب او رنفرت کے خلاف کراچی بھر میں گلی گلی احتجاجی دھرنے ہوں گے ،آج مہاجر دشمنی کے خلاف ہر گلی محلہ میں دھرنا ہوگا ۔ایم کیوایم کے احتجاجی دھرنوں میں ،پختون ،بلوچ ، سندھی ،کشمیر ، سرائیکی ، گلگتی ،بلتستانی ،اور غیر مسلم پاکستانی بھی شریک ہیں،انھوں نے رینجرز کے اعلیٰ حکام کومخاطب کر تے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کمر یں کس لیں اور ایم کیوایم کے دفاترپر جتنے چھاپے مار یں ،ہم تمھارے جھوٹ کے آگے ہر گز سرینڈر نہیں کریں گے ، ہم یزیدی نہیں بلکہ حسینی لشکر کے لوگ ہیں ۔ الطاف حسین نے حق پر ست قلمکاروں ،دانشوروں خصوصاً مہاجر وں پرزور دیا کہ وہ مصلحت کا لبادہ اتار دیں ۔

مزید خبریں :