01 مارچ ، 2025
وزیراعظم شہباز شریف نے شرح نمو میں پائیدار بہتری کیلئے کاروباری شخصیات اور صنعتکاروں سے تجاویز مانگ لیں۔
جمعہ کو ملک کے ممتاز صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے لیے کوشاں ہے،ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کوایک سہل پلیٹ فورم مہیا کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ معاشی ٹیم کی کوششوں کی بدولت ملک کے میکرواکنامک حالات میں خاطر خواہ بہتری آئی،آذربائیجان اور ازبکستان کے دوروں میں سرمایہ کاری کے کئی معاہدوں پر دستخط بیرونی سرمایہ کاروں کے پاکستان کی معیشت میں اعتماد کا مظہر ہیں۔
وزیراعظم نے شرح نمو میں پائیدار بہتری کیلئے کاروباری شخصیات اور صنعت کاروں سے تجاویز مانگ لیں۔
وزیراعظم نے کاروباری شخصیات،صنعت کاروں اور حکومتی وزراء پر مشتمل کمیٹی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
کمیٹی دو ہفتوں کے اندر پائیدار شرح نمو کے حصول کیلئے حکومت کو تجاویز دے گی۔ وفد نے حکومتی معاشی پالیسیوں اور معاشی اشاریوں میں بہتری کی تعریف کی۔