26 ستمبر ، 2014
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے گزشتہ روز ڈیفنس کے مقام پر دہشت گردوں کی جانب سے ایس ایس پی فاروق اعوان پر خود کش حملہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہاہے کہ ان پردہشت گردوں کی بوچھاڑ ہوئی ہے اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے انہیں محفوظ رکھا ، مجھ سمیت ہر فرد ایسے دیانت دار ، فرض شناس ، بہادر اور شیر جیسا حوصلہ رکھنے والے پولیس افسر کو خراج تحسین اور سیلوٹ پیش کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ پولیس کے محکمہ میں دیگر افسران میں بھی یہ ہی جرات اور بہادری عطا فرمائے ۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین مظلوموں کا ساتھ دینے اور ظالموں کے خلاف لڑنے والوں کو پسند کرتا ہے ۔ الطاف حسین نے فاروق اعوان کی جلد صحتیابی اور زخمی پولیس ساتھیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی تاکہ وہ ایک طرف گھر والوں سے مل لیں اور دوسری طرف دہشت گردوں کیخلاف ایک اور معرکہ آزمائی کیلئے تیار ہوں ۔ آخر میں انہوں نے شہید ہوجانے والوں کیلئے دعا کی کہ ان پر اللہ کی رحمتیں نازل ہوں ۔ الطاف حسین نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ فاروق ا عوان اور دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کریں۔ دریں اثناایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن سید حیدر عباس رضوی اور صوبائی وزیر امور نوجوانان سید فیصل سبزواری نے الطاف حسین کی ہدایت پر کراچی کے مقامی اسپتال میںزیرعلاج ایس ایس پی فاروق اعوان سے ملاقات کی اوران کی خیریت دریافت کی۔اس موقع پر انہوں نے فاروق اعوان کو قائدتحریک الطاف حسین کی جانب سے گلدستہ پیش کیا اور انکی جلد و مکمل صحتیابی کے لئے دعا کی ۔سید حیدر عباس رضوی اور فیصل سبزواری نے فاروق اعوان کوقائد تحریک کا پیغام بھی پہنچایااور کہا کہ ملک کے محافظوں پر دہشت گردوں کے حملے پوری قوم کے لئے تشویش کا باعث ہیں اور ایم کیوایم ان حملوں کو بدترین دہشت گردی سمجھتی ہے،اور ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے اور اس سلسلے میںہرممکن تعاون کرتی آرہی ہے ۔انہوں نے شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہارکیا اوردعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرکے انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحتیابی عطا کرے ۔