26 ستمبر ، 2014
کراچی .......متحدہ قومی موومنٹ کی سینیٹر نسرین جلیل نے وزیر اعظم نواز شریف کے نام اپنے توجہ دلواؤ خط میں کہاہے کہ وزیر اعظم کی واضح ہدایت کے باوجود سندھ حکومت کی جانب سے تاحال کراچی کو فراہمی آب کے بڑے منصوبےK4کا آغاز نہیں کیا گیا ہے۔یہ منصوبہ 5سال کے عرصے میں مختلف مراحل سے گزرنے کے بعد ایکنک کے اجلاس میں منظور کیا گیا تھا اور اس منصوبے کے آغاز سے شہر قائد کو 260ملین گیلن اضافی پانی ملنا تھا۔انہوں نے کہا کہ کراچی ڈھائی کروڑ نفوس کی آباد ی والا شہر ہے جس میں کم از کم یومیہ 1000ملین گیلن پانی کی ضرورت ہوتی ہے لیکن موجودہ صورتحال میں محض 600ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی کے سبب شہر میں پانی کا شدید بحران پایا جاتا ہے جس کے سبب عوام پانی کے حصول کیلئے دست و گریباں ہیں، وزیر اعظم نے اپنے گزشتہ دورۂ کراچی میں وفاقی وزیر خزانہ کو ہدایات کی تھی کہ وہ منصوبے کی تکمیل میں تعطل سے بچنے کیلئے وفاق کی جانب سے50فیصد رقم سندھ حکومت کو ادا کردیں تاکہ یہ اہم منصوبہ تعطل کا شکار نا ہولیکن وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے کراچی واٹر اور سیوریج بورڈ کو پانی کی فراہمی کی لائن کے راستے میں تبدیلی کی احکامات دئیے جس کے سبب منصوبہ مزید تعطل کا شکار ہوگیا ۔ سینیٹر نسرین جلیل نے وزیر اعظم سے کہا کہ اب اس منصوبے میںمزید تعطل عوام کی پریشانیوں میں اضافے کا باعث ہوگا ۔انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم تعطل کا شکار فراہمی آب کے منصوبےK4کی جلد تکمیل کے لئے اقدامات کریں گے۔