04 نومبر ، 2014
کراچی........ملک کے مختلف شہروں میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہےں۔ عزاداروں کی سینہ کوبی اور نوحہ خوانی جاری ہے۔ جلوس کے شرکاء نے راستوں میں نماز ظہرین ادا کی۔ کراچی میں یوم عاشور کا جلوس نماز کی ادائیگی کے بعد اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پر سخت سیکیوریٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ 10محرم الحرام کی مرکزی مجلس سے علامہ طالب جوہری نے خطاب کیا جس کے بعد شبیہ علم و ذولجناح کا مرکزی جلوس برآمد ہوا، جو روایتی راستوں نمائش، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا، امام بارگاہ حسنیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔جلوس کے شرکاء نے ایم اے جناح روڈ تبت سینٹر کے قریب نماز ظہرین ادا کی۔ یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوس کے اطراف کی سڑکیں کنٹینر لگا کر بند کی گئی ہیں۔ سیکیوریٹی کے لیے شہر بھر میں 35ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ حساس علاقوں میں موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل رکھی گئی ہے۔اندرون لاہور نثار حویلی سے برآمد ہونے والا شبیہ ذوالجناح کامرکزی جلوس بھی روایتی راستوں پررواں دواں ہے، جلوس کے راستوں پر دودھ کی سبیلوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔