دنیا
23 اپریل ، 2012

افغانستان،امریکا نے اسٹریٹجک شراکت داری معاہدے کوحتمی شکل دیدی

افغانستان،امریکا نے اسٹریٹجک شراکت داری معاہدے کوحتمی شکل دیدی

کابل ... افغانستان اورامریکا نے14 20ء میں افغانستان سے اتحادی ممالک کی افواج کے انخلاء کے بعدکی صورتحال سے نمٹنے اوردوطرفہ تعلقات کی نگرانی کے لئے اسٹریٹجک شراکت داری کے ایک اہم معاہدے کے ابتدائی مسودے پر دستخط کرکے اسے حتمی شکل دے دی ہے، افغان صدارتی ترجمان کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان اورامریکا کی طویل المدت شراکت داری کے معاہدے کے مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کابل میں دونوں ملکوں کے مذاکراتی وفودکے سربراہان کی جانب سے اس پر دستخط کردیئے گئے ہیں۔اب یہ معاہدہ افغانستان اورامریکا کے صدورکے دستخطوں کے لئے تیار ہے۔تاہم اس معاہدے کے مسودے کے مندرجات سے متعلق کوئی تفصیل ظاہر نہیں کی گئی ،جبکہ اب معاہدے کے ابتدائی مسودے کا امریکی اورافغان صدور اورامریکی کانگریس اورافغان پارلیمنٹ جائزہ لے گی۔امریکی سفیر ریان کروکر نے کہا کہ سمجھوتہ دو برابراورخودمختار ریاستوں کے مابین طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط کرتا ہے۔ امریکی سفیر نے مزید کہا کہ ان کا ملک اس اسٹریٹجک شراکت کی دستاویز کے ذریعے افغانوں کی ہرممکن معاونت اورافغانستان کو ایک متحد ،جمہوری ،مستحکم اورمحفوظ ملک بننے میں مددفراہم کرے گا۔

مزید خبریں :