23 اپریل ، 2012
کراچی … کراچی میں نیشنل کمیشن فارہیومن ڈیویلپمنٹ کے ملازمین نے گورنر ہاوٴس جانیکی کوشش کی، پولیس کیلئے پھولوں کے تحائف لانیوالے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کے ساتھ واٹر کینن کااستعمال کیاگیا۔نیشنل کمیشن فارہیومن ڈیولپمنٹ کے کنٹریکٹ ملازمین مستقلی کیلئے 27 دنوں سے کراچی پریس کلب پر مظاہرہ کررہے ہیں۔ مظاہرین گورنر ہاوٴس جاکر اپنے مطالبات پیش کرنا چاہتے تھے،جن کا اظہار وہ نعرے لگاکر رہے تھے۔ پولیس نے پہلے ہی خار دار تار لگاکر راستے بند کردیئے تھے لیکن مظاہرین جیسے ہی فوارہ چوک کے قریب پہنچے پولیس نے انہیں منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کے ساتھ واٹر کینن سے خوب دھو ڈالا۔اے ایس پی سول لائن عثمان باجوہ نے بتایا کہ ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش پر 8 افراد کوحراست میں لیاگیاہے۔ احتجاج کی منفرد بات یہ تھی کہ مظاہرین پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کے جواب میں پھول لیکرآئے تھے جبکہ ان کے پاس 2 بڑے گلدستے بھی تھے جن پر صدر زراری اوربے نظیر بھٹو کی تصویریں لگی ہوئی تھیں۔ مطالبات کی عدم منظوری پر مظاہرین دوبارہ پریس کلب کے باہر احتجاج پر بیٹھ گئے۔