پاکستان

سکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ پر دہشتگرد حملہ ناکام بنا دیا، 6 خوارج جہنم واصل

سکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ پر دہشتگرد حملہ ناکام بنا دیا، 6 خوارج  جہنم واصل
فوٹو: اسکرین شاٹ

سکیورٹی فورسز  نے بنوں کینٹ پر فتنہ الخوارج کا دہشت گردی کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔

 سکیورٹی ذرائع کے مطابق آج افطار کے بعد دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں داخل ہونے کی ناکام کوشش کی، دہشت گردوں نے بارود سے لدی 2 گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں، خوارج  نے سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے باعث گاڑیاں گھبراہٹ میں دیوار سے ٹکرائیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف انٹری پوائنٹس پر موجود سکیورٹی عملے نے6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا، باقی خارجی دہشت گردوں کو محصور کر لیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی بارود سے بھری گاڑیوں کے دھماکے سے قریبی  مسجد کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے سے قریبی گھروں کی چھت گرنے سے شہریوں کے زخمی ہونے اور شہادتوں کی اطلاعات ہیں۔

ترجمان ڈی ایچ کیو اسپتال محمد نعمان کے مطابق دہشت گرد حملے میں 12 شہری شہید جب کہ 30 زخمی ہوئے ہیں۔

محمد نعمان کے مطابق شہید ہونے والے شہریوں میں 4 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق خوارج کا رمضان میں شہریوں اور مسجد کو نشانہ بنانا غماز ہے کہ ان کا اسلام سے تعلق نہیں، سکیورٹی فورسز کا تمام خارجیوں کا صفایا کرنے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہےگا۔

صدر آصف زرداری نے بنوں میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے  دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔

صدر مملکت کا کہنا ہےکہ رمضان میں افطار کے دوران ایسا حملہ گھناؤنا عمل ہے،  پوری قوم ایسی مذموم کارروائیوں کو مسترد کرتی ہے، خوارج کی سرکوبی کے لیےکارروائیاں جاری رکھنےکے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم  شہباز شریف نے بھی  بنوں کینٹ پر خوارج کا حملہ ناکام بنانے  پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم  نے خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی ہے اور  واقعے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :