18 نومبر ، 2014
لندن.....متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے خاتون صحافی غریدہ فاروقی کو دہشت گردوں سے خطرناک لڑائیوں کے بعد پُر خطر جگہوں پر جانے پر ان کی بہادری اور انتھک محنت کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے نہ صرف خطرناک مقامات کا دورہ کیا بلکہ پورے پاکستان کو اور دنیا بھر کے لوگوں کو پاک افواج کی بہادری اور کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ غریدہ فاروقی کی رپورٹ کے ذریعے یہ بھی معلوم ہوا کہ کس طرح ہمارے فوجیوں نے دہشت گردوں کو گرفتار کیا ، ان کے نیٹ ورک کو تباہ کیا اور کس طرح ہمارے فوجی جوان اس نیک مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں تاکہ اس جنگ میں ہم سب کیلئے فتح حاصل کریں ۔ الطاف حسین نے حکومت پاکستان سے درخواست کی کہ غریدہ فاروقی کی بہادری اور ان کے نیک کام کو سراہتے ہوئے انہیں ستارہ جرات یا ستارہ امتیاز سے نوازا جائے ۔الطاف حسین نے اپنی طرف سے غریدہ فاروقی کیلئے ان کی بہادری اور جانفشانی کے صلے میں پچیس ہزار روپے اوران کے ساتھ کام کرنے والے رفقائے کار کیلئے علیحدہ سے پچیس ہزار روپے کا اعلان کیا ۔ الطاف حسین نے غریدہ فاروقی کو قوم کی بیٹی کے خطاب سے بھی نوازا ۔