04 مارچ ، 2025
اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے )کو مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
دوست کے ہاتھوں اغوا کے بعد قتل کیے جانے والے مصطفیٰ عامر کے کیس کا معاملہ قومی اسمبلی بھی پہنچ گیا ہے جس کے بعد قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
دوسری جانب انسداد منشیات فورس( اے این ایف) کو بھی مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی داخلہ نے مصطفیٰ عامر کیس میں ذیلی کمیٹی بھی بنادی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں سابق وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل، رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ، نبیل گبول اور ایم کیو ایم سے خواجہ اظہار الحسن کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
کمیٹی نے مصطفیٰ عامر کیس میں آئندہ اجلاس میں آئی جی سندھ کو طلب کر لیا ہے۔