19 نومبر ، 2014
لندن… متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے رکنیت سازی مہم کے دوران ملک بھرمیں ایم کیوایم میں شامل ہونے والے افرادکودل کی گہرائیوں سے خوش آمدیدکہاہے۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ کراچی کے دوردرازمضافاتی علاقوں کے ساتھ ساتھ سندھ ،پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اورآزادکشمیرکے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اورگاؤں گوٹھوں کے طلبہ وطالبات،وکلاء،اساتذہ،ڈاکٹروں، انجینئروں، محنت کشوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، بزرگوں اورماؤں بہنوںنے ایم کیوایم کی اس رکنیت سازی مہم میں جس طرح بڑھ چڑھ کرحصہ لیا اور جس طرح جوش وخروش کے ساتھ ایم کیوایم کے قافلے کاحصہ بنے وہ انتہائی خوش آئند اورحوصلہ افزاء ہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ عوام اس حقیقت کواچھی طرح سمجھ گئے ہیں کہ فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے ہوتے ہوئے ملک میں حقیقی معنوں میں تبدیلی نہیں آسکتی اور فرسودہ جاگیردارانہ نظام کووہی جماعت ختم کرسکتی ہے جس کی قیادت جاگیرداروں، وڈیروں اوربڑے بڑے سرمایہ داروں پرنہیں بلکہ غریب ومتوسط طبقہ سے تعلق رکھتی ہو۔ الطاف حسین نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ ایم کیوایم کے قافلے میں شامل ہونے والے نئے ارکان پاکستان میں حقیقی تبدیلی اورملک کوترقی وخوشحالی سے ہمکنارکرنے کیلئے ایم کیوایم کی جدوجہدکوآگے بڑھانے میں بھرپورکرداراداکریں گے۔ الطاف حسین نے رکنیت سازی مہم کوبھرپوراندازمیں چلانے پر کراچی سمیت سندھ بھرکے تمام زونوں، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اورآزادکشمیرکے تمام کارکنوں ،ذمہ داروں،منتخب نمائندوں،تمام شعبہ جات کے ارکان اوررابطہ کمیٹی کوزبردست خراج تحسین پیش کیاہے۔ دریں اثنا الطاف حسین نے سرگودھاگورنمنٹ ٹیچنگ اسپتال میں 7نومولود بچوںکی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہا ر کیا ہے ۔اپنے بیان میں الطاف حسین نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کی ہلاکت کا فوری نوٹس لیاجائے ،واقعہ کی تحقیقات کی جائے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ لواحقین کو انصاف فراہم کیا جاسکے ۔ الطاف حسین نے جاں بحق ہونے والے بچوں کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تما م کارکنا ن آ پ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔