19 نومبر ، 2014
کراچی....متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور اراکین رابطہ کمیٹی نے رکنیت سازی مہم سال 2014ء کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوںمیں لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کیا اور رکنیت سازی فارم حاصل کرکے پُر کرنے والے نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین سے دلی تشکر کااظہار کیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ارکان رابطہ کمیٹی سید امین الحق او رواسع جلیل نے نارتھ کراچی ، نیو کراچی ، فیڈرل بی ایریا اور حیدری ، لیاری ، رنچھوڑ لائن اور لیاقت آباد جبکہ رابطہ کمیٹی کے رکن کنور نوید جمیل نے گلشن معمار اور سرجانی ٹائون جبکہ کیف الوریٰ نے اورنگی ٹائون اور پاک کالونی کے کیمپوں کے دورے کرکے کارکنان و عوام سے ملاقاتیں کیں اور انہیں ایم کیوایم کی ملک بھر میں جاری رکنیت سازی مہم کی بھر پور کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور اراکین رابطہ کمیٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں ایم کیوایم کی رکنیت سازی مہم کو جس طریقے سے ملک بھر میں پذیرائی مل رہی ہے اور مظلوم قومیتوں اور مذاہب کے لوگ جس طرح سے ایم کیوایم میں جوق در جوق شامل ہورہے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے اورمہم میں اب تک مجموعی طور پرپو رے پا کستا ن میں لاکھوں نوجوان ، بزرگ ، خواتین اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل ہوچکی ہیں، الطاف حسین جس مشن اورنظریئے کے فروغ کیلئے کئی برس سے عملی جدوجہد کررہے ہیں اس کی کامیابی کا اندازہ مہم میں عوام کی شمولیت سے لگایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کی مقبولیت کی کمی کے جھوٹے اور بے بنیاد دعوے کرنے والے دراصل اپنی بچی کچی موروثی ، جاگیردارانہ سیاست کے خاتمے کو حقیقت کا روپ دھارتے محسوس کرچکے ہیں اور انہیں الطاف حسین کے فکرو فلسفہ اورنظریئے کے فروغ میں اپنی سیاسی موت دکھائی دیتی ہے ، مہم کی کامیابی نے ملک میں رائج جاگیردارانہ اور سردارانہ نظام کی مضبوطی میں وہ دارڑ ڈال دی ہے جس سے اس فرسودہ نظام کا خاتمہ جلد ممکن ہوگا ۔اس موقع پر حق پرست ارکان قومی وصوبائی اسمبلی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔