04 دسمبر ، 2014
شکاگو.......متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کی جانب سے رکنیت سازی مہم کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ امریکہ بھر کے مختلف شہروں میں ایم کیو ایم کے چیپٹرز کی جانب سے رکنیت سازی کیلئے کیمپس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اور اب تک مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں پاکستانی اپنے رکنیت سازی فارم جمع کراچکے ہیں۔ 22 نومبر سے جاری رکنیت سازی مہم کو پاکستانی کمیونٹی کی بھر پور پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور امریکہ مقیم پاکستانیوں بالخصوص نوجوانوں اور خواتین نے مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کیمپ کے انعقاد کے موقع پر ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، معاون کمیٹی کے رکن سہیل شمس اور چیپٹر انچارج عدنان صدیقی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر جنید فہمی نے چیپٹرکے ذمہ داران و کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین نے جو تحریک دورِ طالب علمی میں جامعہ کراچی سے شروع کی تھی وہ آج کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہی نہیں بلکہ ملک میں رائج فرسودہ جاگیردارنہ نظام کے تابوت کی آخری کیل بن چکی ہے یہی وجہ ہے کہ ایم کیو ایم اور اسکی قیادت کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈہ اور سازشیں ہمیشہ جاری رہتی ہیں۔اٹلانٹا چیپٹر کی جانب سے رکنیت سازی کیمپ اسماء کئوزینز میں لگایا گیا جہاں کارکنان و ہمدردان اور انکی اہلِ خانہ سمیت پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعدادنے فارم جمع کرا کر ایم کیو ایم کی باقاعدہ رکنیت حاصل کی۔ کیمپ کے دوران سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن ثاقب محی الدین، چیپٹر انچارج سید فرخ دیگر کارکنان و ذمہ داران کے ساتھ مسلسل موجود رہے۔ ایم کیو ایم امریکہ اعلامیہ کے مطابق مجموعی طور پر پورے امریکہ میں تا حال کئی سو بزرگوں، نوجوانوں اور خواتین نے ایم کیو ایم کی باقاعدہ رکنیت حاصل کر لی ہے۔