04 دسمبر ، 2014
کراچی.........سندھ کے عوام کے لیے خوش خبری ہے کہ امریکی حکومت سندھ کے سات اضلاع سمیت کراچی کے پانچ ٹاؤنز میں 15کروڑ 50لاکھ ڈالر سے 120 ماڈل اسکول قائم کرے گی۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے اعلان کیا ہے کہ امریکا سندھ کے سرکاری اسکولوں کے 4ہزار اساتذہ اور 8ہزار طلباء کوآئی ٹی کی تربیت بھی دے گا۔ کراچی میں امریکی قونصل خانے میں یو ایس ایڈ، سندھ حکومت اور انٹیل پاکستان کے مابین اساتذہ اور طلباء کو آئی ٹی ٹریننگ سے متعلق مفاہمتی یادداشت پردستخط کی تقریب ہوئی۔ جس میں وزیر تعلیم سندھ نثار احمد کھوڑو، امریکی سفیر رچرڈ اولسن، قونصل جنرل برائن ہیتھ، سیکریٹری تعلیم سندھ فضل اللہ پیچوہو بھی موجود تھے۔ امریکی سفیرنے بتایا کہ امریکی تعاون سے پاکستان میں آئندہ تین برس کے دوران سرکاری اسکولوں کے 8سو اساتذہ، 4ہزار زیر تعلیم طلبہ اور4ہزار نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت دی جائے گی۔ وزیر تعلیم سندھ نثار احمد کھوڑونے امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اس دور کی اہم ترین ضرورت ہے ، بعد میں سیکریٹری تعلیم سندھ فضل اللہ پیچوہو اور امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور انٹیل پاکستان کی جانب سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ۔