04 دسمبر ، 2014
لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے حیدرآبادمیں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے معاون رکن غازی صلاح الدین کے چھوٹے بھائی ضیاء الدین کی ٹارگٹ کلنگ کی شدیدمذمت کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ غازی صلاح الدین کے چھوٹے بھائی ضیاء الدین ایک غیرسیاسی شخصیت تھے اور کسی قسم کی سیاسی سرگرمی میںملوث نہیں تھے ،آج جس طرح انہیں بیدردی سے شہیدکیاگیاہے اس سے ایسالگتاہے کہ ضیاء الدین کی سفاکانہ ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے دراصل غازی صلاح الدین اوران جیسے دیگرسندھی بولنے والے دانشوروں، ادیبوں، کالم نگاروں اورایم کیوایم کے کارکنوں کوڈرانے دھمکانے کی کوشش کی گئی ہے جو سندھ بھر میں تحریک کے فکروفلسفہ کوپھیلانے اور سندھ کے مستقل باشندوں کے درمیان اتحاد وبھائی چارے کیلئے کوشاں ہیں اور ہرفورم پر جرات وہمت کے ساتھ تحریک کامؤقف پیش کررہے ہیں ۔ ضیاء الدین کابہیمانہ قتل انہی عناصر کی کارروائی لگتی ہے جو سندھ میں نفرت کی آگ بھڑکاناچاہتے ہیں ، پیپلزپارٹی کی حکومت کے دورمیں سندھ میں کہیںبھی سیاسی کارکنوںاور عوام کی جان ومال محفوظ نہیں ہے، قتل ، دہشت گردی اورتشددکے واقعات آئے دن کامعمول بن چکے ہیں لیکن حکومت سندھ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے اور روزانہ معصوم وبے گناہ شہری دہشت گردی کانشانہ بن رہے ہیں۔انہوںنے مطالبہ کیاکہ غازی صلاح الدین کے بھائی ضیاء الدین کے سفاکانہ قتل کے واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے اور قاتلوں کوفی الفور گرفتار کیاجائے۔ الطاف حسین نے غازی صلاح الدین سے ان کے چھوٹے بھائی کی شہادت پر دلی تعزیت کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کاایک ایک کارکن آپ کے غم میں برابرکاشریک ہے۔ انہوںنے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ ضیاء الدین شہیدکی مغفرت فرمائے ، انہیںجنت الفردوس میں جگہ دے اورتمام لواحقین کوصبرجمیل عطاکرے ۔