26 اپریل ، 2012
اسلام آباد…ماہر قانون بابر ستار کا کہنا ہے کہ توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو وزیراعظم کی نااہلی کیلئے کوئی ڈائریکشن نہیں دی اس لیے انہیں ڈی نوٹی فائی نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعظم کو اخلاقی طور پر عہدے سے الگ ہوجانا چاہیے۔ جیو نیوز کے پروگرام آج کامران خان کے میزبان کامران خان سے بات کرتے ہوئے بابر ستار کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل سکسٹی تھری ون جی نااہلیت کے بارے میں ہے جبکہ نااہلیت کا سوال اٹھنے پر اس پر کیا کارروائی ہونی چاہیے اس کا طریقہ کار سکسٹی تھری ٹو اور تھری میں درج ہے۔ اگر فیصلے میں عدالت الیکشن کمیشن کو ڈائریکشن دیتی تو وزیراعظم کو ڈی نوٹی فائی کردیا جاتا، مگر فیصلے میں ایسا نہیں کیا گیا۔ بابر ستار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو مجرم قرار دیے جانے پر اخلاقی طور پر عہدے سے الگ ہوجانا چاہیے۔ صدر کے پاس اختیار ہے کہ وہ انہیں اگلے وزیراعظم کی تقرری تک جاری رکھنے کا کہہ سکتے ہیں۔