26 اپریل ، 2012
اسلام آباد… وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکا کو واضح الفاظ میں کہہ چکا ہے کہ ڈرون حملے روک دیے جائیں لیکن امریکا پاکستان کی بات نہیں سن رہا۔ برطانوی خبر ایجنسی کوانٹرویو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈرون حملوں سے متعلق پاکستان کا موٴقف واضح ہے لیکن امریکا اسے نہیں سن رہا ۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ امریکا پاکستان کے موٴقف پر غور کریگا۔ حنا ربانی کھرنے کہا کہ پاک افغانستان سرحدی علاقے میں دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے دیگر طریقے استعمال کیے جاسکتے ہیں ، ایسے موٴثر طریقوں کی طرف دیکھنا ہوگا جن پر پاکستان اورامریکا دونوں متفق ہوں ۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ دہشتگردوں کے خاتمے کے ایسے طریقے جن پر پاکستان متفق نہ ہواس کی بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی ۔