26 اپریل ، 2012
کراچی … وزیراعظم کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دینے پر ملک کے مختلف شہروں میں پیپلزپارٹی کارکنوں نے احتجاج کیا جب کہ ملتان میں احتجاج کے ساتھ فیصلے پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے اور مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ وزیراعظم کی سزا پر ان کے آبائی شہر ملتان میں فوری ردعمل نظر آیا ۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ہائیکورٹ چوک پراحتجاج کیا اور ٹائر جلائے۔ نیا پور روڈ اور خانیوال روڈ سمیت دیگرمقامات پر بھی مظاہرے کیے گئے، وہاڑی چوک پرمظاہرین نے گاڑیوں پر پتھراوٴ کیا ،مظاہرین نے ٹاٹے پور اسٹیشن کے قریب لاہورسے کراچی جانیوالی شالیمار ایکسپریس روک لی ،چوک نواں میں پیپلزپارٹی کارکنوں نے ٹائرجلائے اورلاڑکے مقام پرملتان بہاولپورروڈ بلاک کردیا، دوسری طرف ملتان میں ہی فیصلے کے حق میں بھنگڑے ڈالے گئے۔ ملتان ہائیکورٹ بار ایسوی ایشن نے فیصلے پر مٹھائیاں تقسیم کیں، رحیم یارخان میں پیپلزپارٹی کارکنوں نے فیصلے کے خلاف دھرنادیا۔ عدالتی فیصلے کیخلاف سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی کارکنوں نے جلوس نکالے، ٹائر جلائے اوردکانیں بند کرادیں، سکھرمیں پیپلزپارٹی کارکنوں نے جلوس نکالا، مشتعل افراد نے ہوائی فائرنگ کی اور زبردستی دکانیں بندکرادیں ،ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہ یار، چمبڑ ،نوشہروفیروز، خیرپور، پڈعیدن، جامشورو، نوابشاہ، دوڑ اور جیکب آباد میں دکانیں بند کرادی گئیں۔ دادو،گھوٹکی ،میرپورخاص ،ٹھٹھہ ،عمرکوٹ میں بھی مظاہرے کیے گئے ، حیدرآبادمیں پیپلزپارٹی کارکنوں نے ریلی نکالی ،،ہوائی فائرنگ کی اور دکانوں پر پتھراوٴ کیا۔