26 اپریل ، 2012
پشاور… خیبر پختون خوا میں جیم اسٹونز کے وسیع زخائر موجود ہیں ۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں قیمتی و نیم پتھروں کے پانچ ہزار ملین کیرٹ کے ذخائر ہیں ان میں پاکستان کا حصہ سو ملین کیرٹ کا ہے جوتقریبا دو فیصد بنتا ہے۔پاکستان میں موجود زخائر سوات، ہزارہ، کوہستان، مردان، فاٹا اور شمالی علاقوں میں ہیں۔قیمتی و نیم قیمتی پتھروں کی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود اس صنعت سے وابستہ خیبر پختون خوااور قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے تاجرامن و امان کی صورت حال کے باعث اس کاروبار سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے ہیں۔پاکستان سے سال 2010 میں 641 ملین ڈالرز کے قیمتی پتھر اور جیولری برآمد کی گئی سال 2011 میں کم ہو کر249 ملین ڈالرز ہو گئی رواں سال کے دوران بھی جیمز اور جیولری کی ایکسپورٹ میں نمایاں کمی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔برآمدات کے فروغ کے لئے بنائی جانے والی پاکستان ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ قیمتی و نیم قیمتی پتھروں کی ایکسپورٹ کے لئے تاجروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔قیمتی اور نیم قیمتی پتھروں کے کاروبار سے منسلک تاجروں کا کہنا ہے کہ بڑی مقدار میں خام مال کی برآمد سے ملک کو زیادہ زرمبادلہ حاصل نہیں ہوتا اور اگر پتھروں کی تراش خراش کے جدید ترین مراکز قائم کر دئیے جائیں تو ویلیو ایڈیشن کے زریعے پاکستان اس صنعت سے سالانہ اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کما سکتا ہے۔