26 اپریل ، 2012
کراچی… سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیپلز پارٹی کے مشتعل کارکنان نے کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا اور ٹائر جلائے۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر اور شہر کے مختلف علاقوں میں پیپلز پارٹی کے کارکنان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا ۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے احتجاج کے باعث مختلف علاقوں میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ متاثرہ علاقوں میں کلفٹن،گزری،محمود آباد،کالا پل،شاہ فیصل کالونی،ملیر ہالٹ،ناظم باد،نیو کراچی،لیاری،گودھرا سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔احتجاج کے دوران پیپلز پارٹی کے مشتعل کارکنان نے سڑکوں پر ٹائر جلائے اور روڈ ٹریفک کیلئے بند کردی جبکہ نامعلوم افرادنے ہوائی فائرنگ کرکے علاقے میں موجود دوکانیں اور کاروبار بھی بند کرادیا۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر جمع ہوگئی اور احتجاج کیا۔ پیپلز پارٹی کے احتجاج کے دوران ایک شخص نے گو زرداری گو کے نعرے لگائے جس پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے اس شخص پر تشدد کیا۔