26 اپریل ، 2012
اسلام آباد…بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو سے تین دنوں کے دوران ان علاقوں میں مزید بارش کی توقع ہے جب کہ سیاچن میں مزید برف باری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ راول پنڈی اور اسلام آباد میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے جب کہ اکثر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود ہے۔اگلے چوبیس گھنٹوں میں راول پنڈی اسلام آباد سمیت گوجرانوالہ ، لاہور ،سرگودھا ، فیصل آباد ،ساہیوال اور ملتان ڈویڑن،، جب کہ سکھر ،لاڑکانہ سمیت بالائی سندھ میں گرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے۔خیبر پختونخوا ،شمال مشرقی بلوچستان ، کشمیر اورگلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر تیز ہواوں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔کاشت کے بیش تر علاقوں میں اگلے چند روز کے دوران بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے کسانوں کو فصل کاٹنے کے بعد محفوظ کرنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب سیاچن میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔