پاکستان
09 جنوری ، 2015

کراچی: 24گھنٹوں میں فائرنگ سے3اہلکار جاں بحق،6زخمی

کراچی: 24گھنٹوں میں فائرنگ سے3اہلکار جاں بحق،6زخمی

کراچی .....کراچی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے واقعات میں 3 پولیس اہل کار جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے ۔کراچی آپریشن کامیابی سے آگے بڑھنے کے ساتھ ہی پولیس اہل کاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے،گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اہل کاروں پر کئی حملے کیے گئے ۔لیاری کے علاقے بغدادی میں کمیلا اسٹاپ کے قریب گینگ وار گروپ کے ملزموں نے پولیس موبائل پر دستی بم سے حملہ کیا جس میں ایک اہل کار زخمی ہوگیا ۔سیفی لائن میں سرچ آپریشن مکمل کرکے واپس آنے والی پولیس پارٹی پر فائرنگ سے بھی 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو جناح اسپتال اور پھر وہاں سے پی این ایس شفا منتقل کردیا گیا ہے ۔گلشن اقبال بلاک 6 میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار وں نے فائرنگ کرکے کورٹ پولیس کے اہل کار سجاد حسن کو زخمی کردیا ۔ اُسے بھی پی این ایس شفا منتقل کیا گیا۔ناظم آباد3 نمبر کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے ۔ ان میں آدم خان اور بھاگیو خان شامل ہیں جو سندھ ریزرو پولیس میں تعینات تھے ۔شادمان ٹاؤن میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سچل تھا نے کے اہل کار محمد سلیم کو قتل کردیا ۔

مزید خبریں :