28 اپریل ، 2012
کراچی… کراچی میں لیاری کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث علاقے میں کشیدگی برقرارہے۔ قانون نافظ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پیش قدمی جاری ہے۔ گزشتہ روز صبح سے لیاری کے مختلف علاقوں میں قانون نافظ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے گینگ وارملزمان کے خلاف آپریشن شروع کیا جس پر انھیں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، دستی بموں سے حملہ کئے اورگرنیڈ لانچر بھی فائر کئے۔ دن بھر جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلہ کے باعث پورا علاقہ بند رہا اور 6 افراد بھی جاں بحق ہوئے۔ ذرائع کے مطابق سی آئی ڈی پولیس نے متعدد جرائم پیشہ عناصرکو حراست میں لیتے ہوئے کچھ علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ رات گئے لیاری کے علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں کچھ کمی آئی۔ آج صبح پھر سے لیاری کے مختلف علاقوں میں شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ سی آئی ڈی، ایف سی، الیٹ فورس اور علاقہ پولیس کے تازہ دم دستہ لیاری پہنچ چکے ہیں اور کشیدہ علاقوں میں پیش قدمی کر رہے ہیں۔