28 اپریل ، 2012
لاہور … وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو کام سے روکنے کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں 2 متفرق درخواستیں دائرکر دی گئی ہیں ۔ لاہور کے ایک وکیل کی جانب سے وزیراعظم کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا۔ وزیراعظم کے خلاف درخواستیں وکیل غازی علم دین اور ایک شہری شاہد نسیم گوندل کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔ ان میں موٴقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ سے سزا کے بعد یوسف رضا گیلانی نااہل ہو چکے ہیں ان سے پوچھا جائے کہ وہ کس قانون کے تحت وزارت عظمیٰ کے عہدے پربراجمان ہیں۔ درخواستوں میں ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی کہ یوسف رضا گیلانی کو کام سے روک کر سابق وزیراعظم لکھا جائے اوران سے مراعات و پروٹوکول واپس لیا جائے۔ لاہور ہی کے ایک وکیل اظہر صدیق کی جانب سے وزیراعظم کو بھیجے گئے قانونی نوٹس کے مطابق سزا کے بعد ان کے اس عہدے پر رہنے کا قانونی اور آئینی جواز نہیں۔ اظہر صدیق کے مطابق قانونی نوٹس کی کاپی گورنر ہاوٴس میں بذریعہ فیکس اور ذاتی طور پر بھجوا دی ہے۔