29 اپریل ، 2012
راول پنڈی… راول پنڈی میں پولیس کانسٹیبل کے مبینہ تشدد سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔جاں بحق ہونے والا شخص وقار گذشتہ چند دنوں سے ہولی فیملی اسپتال میں زیر علاج تھا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کے لواحقین نے لاش اسپتال کے باہر رکھ کا احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لواحقین کے مطابق وقار کو کانسٹیبل نعمان نے دیگر دو ساتھیوں سے مل کر نجی ٹارچر سیل میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور حالت غیر ہونے پر اس کو چاندنی چوک میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ تشدد کا نشانہ بننے والا شخص وقار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج صبح دم توڑ گیا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو اسپتال راول پنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔ تھانہ پیرودہائی کے تفتیشی افسر کے مطابق کانسٹیبل اور باقی دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جار ہے ہیں۔