04 فروری ، 2015
شکاگو......متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کا ششماہی اجلاس انچارج جنید فہمی کی صدارت میں شکاگو میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے جوائنٹ آرگنائزر محمد ارشد حسین، جوائنٹ آرگنائزر ندیم صدیقی سمیت اراکین کمیٹی اسد صدیقی، عامر قاضی، وسیم زیدی، وکیل احمد جمالی، علی حسن، ثاقب محی الدین، گل محمد اور توصیف خان نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم امریکہ کے تحت امریکہ بھر میں جاری رکنیت سازی کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد رکنیت سازی کے دوسرے دور کا آغاز کیا جائیگا۔ اجلاس میں رکن کمیٹی وسیم زیدی نے اس سال لاس اینجلس میںمنعقد ہونے والے سالانہ کنونشن کے حوالے سے سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کی جاری تیاریوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا، جبکہ سینٹرل کمیٹی کے دیگر اراکین نے بھی اپنے اپنے متعلقہ شعبہ جات سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی۔اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے انچارج مصطفی عزیزآبادی نے لندن سے بذریعہ ٹیلیفون اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ حکمرانوں کی ناہلی اور کوتاہ اندیشی کے باعث پاکستان مشکل ترین دور سے گز رہا ہے ،ملکی سلامتی کو حقیقی خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔ اس موقع پر صرف قائد تحریک الطاف حسین ہیں جو ایک سچے فرزندِ زمیں کی طرح اپنے دن رات کا آرام تیاگ کر اپنی بھر پور کوشش کر رہے ہیں کہ ارباب اختیار و اقتدار اور بالخصوص پاکستانی عوام کواصل صورتحال اور اندرونی بیرونی سازشوںسے آگاہ کرتے رہے۔دوسرے مرحلے میںسینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی اور شکا گو چیپٹرکے درمیان اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں شکاگو چیپٹر کے انچارج اور متعلقہ شعبہ جاتی انچارجز کی جانب سے کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ بھی پیش کیگئی۔ دو دن جاری رہنے والے شرکا اجلاس نے ایک بار پھر قائد تحریک الطاف حسین سے تجدید عہد وفا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تحریک کے پیغام امن اور فلسفہ حقیقت پسندی و عملیت پسندی کو پھیلانے کی اپنی بھر پور سعی جاری رکھیں گے۔