21 اکتوبر ، 2022
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا 23 اکتوبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا لیکن اس مقابلے کے بارش سے متاثر ہونے کے قوی امکانات ہیں۔
آسٹریلوی میڈیا رپورٹ کے مطابق بیورو آف میٹرولوجی نے پیش گوئی کی ہے کہ وکٹوریہ کے دارالحکومت میلبرن میں 80 فیصد بارش کی توقع ہے اور بارش کے امکان شام کو میچ کے اوقات میں زیادہ ہیں۔
پاکستان اور بھارت کا میچ سولڈ آؤٹ ہے، ایم سی جی میں ہونے والے میچ کے ٹکٹس آدھے گھنٹے میں فروخت ہو گئے تھے جبکہ اسٹینڈنگ ٹکٹیں بھی 5 منٹ میں فروخت ہوگئی تھیں۔
روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے اس میچ کی لگ بھگ ایک لاکھ ٹکٹس فروخت ہوئی ہیں۔
پاک بھارت میچ میں بارش ہونےپر شائقین کو مکمل ری فنڈ اس صورت میں دیا جائے گا جب میچ 10 اوورز سے کم ہو اس لیے اگر میچ نہیں ہوتا تو پھر آئی سی سی کو 7 ملین ڈالرز واپس کرنا پڑیں گے کیونکہ گروپ میچز کے مرحلے کے لیے ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا ہے۔