03 نومبر ، 2022
آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں آج اہم ترین میچ میں پاکستان نے مضبوط حریف جنوبی افریقا کو 33 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو برقرار رکھا ہے۔
پاکستان کی فتح کے بعد یہ بات تو طے ہوگئی ہے کہ اب گروپ 2 سے دونوں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ تمام ٹیموں کے آخری میچ کھیلے جانے کے بعد ہی ہوگا۔
آئیے جائزہ لیتے ہیں کہ گروپ 2 میں کونسی دو ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرسکتی ہیں اور پاکستان کے کتنے چانسز ہیں۔
بھارت اس وقت گروپ میں 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔ آخری میچ میں بھارت نے زمبابوے کو شکست دے دی تو سیدھا سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔ شکست کی صورت میں بھی بھارت کے پاس رن ریٹ پر سیمی فائنل تک پہنچنے کا موقع ہوگا۔
جنوبی افریقا 5 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے اسے نیدرلینڈز کیخلاف لازمی فتح درکار ہوگی۔ اگر جنوبی افریقا کو نیدرلینڈز نے اپ سیٹ شکست دے دی تو پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان میچ میں جو بھی فاتح ہوا اس کیلئے سیمی فائنل کی راہ ہموار ہوجائے گی۔
پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کا دارومدار بنگلادیش کیخلاف کامیابی کے ساتھ ساتھ بھارت اور جنوبی افریقا کی شکست پر بھی ہے۔ نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو شکست دے دی اور پاکستان بنگلا دیش سے جیت گیا تو اس کے پوائنٹس 6 ہوجائیں گے اور وہ جنوبی افریقا سے آگے نکل جائے گا اور سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
اسی طرح اگر پاکستان بنگلادیش سے جیت جائے اور زمبابوے بھارت کو ہرادے تو پاکستان اور بھارت کے 6،6 پوائنٹس ہوجائیں گے۔ معاملہ زیادہ فتوحات پر جائے گا لیکن دونوں ٹیموں کی فتوحات بھی برابر ہوں گی لہٰذا پھر فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا اور اچھی بات یہ ہے کہ اس وقت پاکستان کا رن ریٹ +1.117 بھارت کے +0.730 سے بہتر ہے۔
اگر بھارت اور جنوبی افریقا دونوں ہی اپنے آخری میچز ہار گئے تو بابر الیون نہ صرف سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گی بلکہ گروپ میں ٹاپ بھی کرجائے گی جو کہ ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد ناممکن نظر آرہا تھا۔
البتہ پاکستان کے برعکس بھارت اور جنوبی افریقا اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرسکتے ہیں، انہیں بس اپنے اپنے میچز جیتنے ہیں اور وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے جبکہ پاکستان ایونٹ سے باہر ہوجائے گا۔
گروپ ٹو میں 6 نومبر بروز اتوار کو پہلا میچ جنوبی افریقا کا نیدرلینڈ سے ایڈیلیڈ میں ہوگا۔
اسی روز دوسرا میچ پاکستان کا بنگلا دیش سے ایڈیلیڈ میں ہی ہوگا۔
تیسرا اور گروپ کا آخری میچ 6 نومبر کو بھارت اور زمبابوے کے درمیان میلبورن میں ہوگا۔