پاکستان
23 ستمبر ، 2016

آڈیو پیغام بانی ایم کیو ایم کا نہیں ہے،ارم عظیم

 

 

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مستعفی رکن سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی نے بانی ایم کیو ایم کے آڈیو پیغام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنہوں نے بانی ایم کیو ایم کو سنا ہے وہ جانتے ہیں کہ یہ ان کی آواز نہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میری ہمدردیاں ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ ہیں ،پاکستان مخالف بات نہیں سن سکتی ، اسی لیےمستعفی ہونے کا اعلان کیا اور اپنا استعفیٰ پارتی لیڈر فاروق ستار کو بھیجا ، واپس آکر استعفا ذاتی طور پراسپیکر کو دوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آڈیو پیغام کے بیک گرائونڈ میں ہارن کی آوازآرہی ہے جب کہ لندن میں دن یا رات کے اوقات میں ہارن نہیں بجایا جاتا ،وہاں کے گھر بھی آواز پروف ہوتے ہیں،ان سے کوئی پوچھے کیوں اتنی بڑی بڑی غلطیاں کررہے ہوں۔

ارم عظیم فاروقی نے حکومت پاکستان سے ندیم نصرت ،واسع جلیل ،مصطفیٰ عزیز آبادی کے ٹوئٹر اکائونٹ بلاک کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دراصل لندن میں بیٹھے لوگ رابطہ کمیٹی کی چار سیٹوں کے لئے پاکستان کا منفی تاثر پیش کررہے ہیں۔

ان کا کہناتھاکہ مستعفی ہونے کے بعد بانی ایم کیو ایم نے مجھے فون کیا تھا ،جس کی ریکارڈنگ میرے پاس موجود ہے جو وقت آنے پر سنادوں گی ،اس کال میں نے انہیں سمجھانے کی بہت کوشش کی تھی ۔

ارم عظیم فاروقی کے مطابق جب میں نے استعفا دیا تھا تو واسع جلیل نے مجھے فون کیا تھا جس پر میں نے انہیں خوب سنائی تھی ،انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ وہ امریکی شہری ہیں ،میں ان کی یہاں شکایت کرسکتی ہوں۔

مزید خبریں :