پاکستان
22 مارچ ، 2017

ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی شیخ عبداللہ پی ایس پی میں شامل

پاک سرزمین پارٹی نے ایم کیو ایم کی ایک اور پتنگ کاٹ دی،پی ایس 97 سے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی شیخ عبداللہ نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ جب ہماری بات صحیح ثابت ہوجاتی ہے تو لوگ ہماری طرف چل پڑتے ہیں۔

کراچی کے نشترپارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی شیخ عبداللہ نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کااعلان کیا ہے۔ اس موقع پر مصطفیٰ کمال کے ہمراہ انیس قائم خانی، رضا ہارون اور دیگر رہنما بھی تھے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے دن سے کوئی بات جھوٹ نہیں کی۔کچھ لوگ اپنا موقف فائدہ نقصان دیکھ کر بدلتے رہتے ہیں۔لوگ بڑی تعداد میں پی ایس پی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ بالٹی کے سائز کو دریا کے برابر کرنے میں وقت لگتا ہے۔

پی ایس پی میں شامل ہونے والے شیخ عبداللہ نے کہا کہ ملک کا غدار نہیں بننا چاہتا۔اپنے سر سے بوجھ اتار پھینکا ہے۔ پاکستان توڑنے کی باتیں کرنے والوں کیساتھ ہمدردی نہیں کی جاسکتی۔

مصطفیٰ کمال نے 23 مارچ کو پاک سرزمین پارٹی کے یوم تاسیس کو یوم پاکستان کے نام سے منسوب کرتے ہوئے کارکنان کو کنونشن میں 3 بجے تک پہنچنے کی ہدایت کردی۔

 

مزید خبریں :