پاکستان
29 مارچ ، 2017

حکومت نے پاناما پر زرداری سے ڈیل کی، عمران خان

حکومت نے پاناما پر زرداری سے ڈیل کی، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ آصف زرداری اور نواز شریف دونوں منی لانڈرر ہیں،حکومت نے پاناما کی وجہ سے آصف زرداری سے ڈیل کی۔

ڈاکٹر عاصم کی ضمانت پر عمران خان نے ہنگامی نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کرپٹ وزیراعظم اپنی کرپشن بچانے کے لیے ڈیل کر رہا ہے، اگر حکومت چاہے تو ایان علی بھی بچ جائے گی اور ڈاکٹرعاصم بھی، پتا نہیں ڈاکٹر عاصم کے معاملے پر حکومت نے کیسے ڈیل کرلی۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں نورا کشتی کر رہے ہیں، ایک دوسرے کو نقصان پہنچنے نہیں دیں گے، ڈیل کی وجہ سے زرداری اور شرجیل واپس آئے، عاصم کی ضمانت ہوئی، ڈیل کے بعد دونوں کے درمیان ڈبلیو ڈبلیو ای والی نورا کشتی جاری ہے، شرجیل میمن پر 5ارب روپے کی کرپشن اور ایان علی پر 5کروڑ کی منی لانڈرنگ کا کیس ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کا بیان ریکارڈ پر ہے کہ جس میں پراسیکیوٹر کو ضمانت میں رکاوٹ نہ بننے کا ذکر ہے،انہوں نے12ستمبر 2016ء کی پریس کانفرنس میں ڈاکٹر عاصم اور ایان کے معاملے پر پیشکش کا ذکر کیا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں بہت سے لوگ ہیں جو یہ ڈیل نہیں چاہتے، پنجاب میں پیپلز پارٹی نہیں چاہتی تھی کہ زرداری واپس آئیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے کیسے کہا کہ نیب کی مجال نہیں کہ انہیں ہاتھ لگائے، اس لیے کہ نوازشریف اور آصف زرداری نے مل کر نیب چیئرمین لگایا، ڈاکٹر عاصم نے قوم کے 480ارب روپے کی کرپشن کی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ واضح ہوگیا کہ کرپٹ وزیراعظم تمام اداروں کو کرپٹ کرتا ہے ،کرپشن کرنے والے اتحاد نہیں ڈیل ہی کرتے ہیں، پیپلزپارٹی سے کوئی اتحاد نہیں ہوسکتا،اتحاد اس جماعت سے ہوسکتا جس سے منشور ملتا ہو۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد کے پارکس غائب ہورہے ہیں،ان میں تجاوزات قائم کی جارہی ہیں،جسے کوئی نہیں روک رہا،عدالت کا فیصلہ پروسیکیوشن پرمنحصر ہوتا ہے ۔

تحریک انصاف کی پریس کانفرنس کے اختتام پر اس وقت بد نظمی نظر آئی جب تحریک انصاف کے رہنما علیم خان اور صحافیوں میں تلخ کلامی ہو گئی۔

مزید خبریں :