پاکستان
29 مارچ ، 2017

سائبر کرائم کیس، سعدیہ مرزا کیخلاف تحقیقات جاری

سائبر کرائم کیس، سعدیہ مرزا کیخلاف تحقیقات جاری

عدنان ملک...سیالکوٹ سائبر کرائم کیس کے تحت گرفتار ہونے والی پاکستانی خاتون سعدیہ مرزا کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے اس کیس کے چالان میں ٹیلی گرافک ایکٹ 25 بی کی دفعہ شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد ضمانت منسوخ کرانا ہے۔

سعدیہ مرزا پر سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ اور دھمکیوں کے الزامات ہیں ،ہزاروں میل دور مانچسٹر میں ہوا جھگڑا سائبر کرائم کیس میں پہلی خاتون کی گرفتاری کا سبب بنا۔

سائبر کرائم کیس میں پاکستان کی پہلی خاتون کی گرفتاری کے معاملے کی گتھیاں سلجھنے لگی ہیں،’جیو نیوز‘ سیالکوٹ سائبر کرائم کیس کی تہہ تک پہنچ گیا۔

پاکستان نژاد احسن رانا اور سعدیہ مرزا کے جھگڑے کے بارے میں ملزمہ کی بہن کا مؤقف بھی سامنے آگیا جنہوں نے مقدمے کو انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔

سیالکوٹ کی سعدیہ مرزا کی گرفتاری تک پہنچنے والے جھگڑے کا آغاز ہزاروں میل دور برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق مانچسٹر میں مقیم احسن رانا نے کچھ عرصے قبل امریکا میں مقیم انیتا نامی خاتون سے دوسری شادی کی جو سعدیہ مرزا کی بہن سمیرا کی دوست بھی تھی۔

دوسری شادی کے کچھ عرصے بعداحسن رانا نے مبینہ طور پر برطانیہ میں مقیم نوشین ڈیوڈ نامی خاتون سے بھی مراسم قائم کر لیے۔

سمیرا مرزا نے مانچسٹر میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں الزام لگایا کہ احسن رانا ان دنوں نوشین نامی خاتون کے ساتھ ہی رہائش پذیر ہے۔

سمیرا مرزا ہی نے احسن رانا کے اس تعلق سے اپنی دوست یعنی احسن رانا کی دوسری بیوی انیتا کو آگاہ کیا اور انیتا کو امریکا سے بلا کر نوشین کے گھر لے گئی جہاں اس وقت احسن رانا بھی موجود تھا، بس یہی وہ مقام تھا جس پر احسن رانا اور سمیرا کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

اس جھگڑے کے بعد معاملہ پولیس تک بھی پہنچا جس نے فریقین کو ایک دوسرے سے دور رہنے کی ہدایت کی ۔

بات بڑھنے کے بعد سمیرا کے ساتھ سیالکوٹ میں مقیم اس کی بہن سعدیہ مرزا بھی معاملے میں ملوث ہوئی اور اس نے احسن رانا سے براہ راست سوشل میڈیا پر جھگڑا شروع کردیا، جس کا مقدمہ احسن رانا کے بھائی حسن رانا کی مدعیت میں ایف آئی اے سائبر کرائم سیل میں درج کیا گیا۔

اسی مقدمے پر سعدیہ مرزا کو 25مارچ کو گرفتار کیا گیا اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

سائبر کرائم کیس میں گرفتار ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون سعدیہ مرزا کا مؤقف بھی سامنے آیا ہے، انہوں نے کیس درج کرانے والے رانا برادران کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ احسن رانا نےمیری بہن سے بدلہ لینے کے لیے مجھے گرفتار کرایا۔

سعدیہ مرزا کا کہنا تھا کہ احسن رانا اپنی خانگی زندگی خراب کرنے کا ذمے دار خود ہے، وہ برطانوی قوانین کی وجہ سے سمیرا کے خلاف کچھ نہ کرسکا۔

سعدیہ مرزا نے اپنے خلاف کیس کو انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے احسن رانا سے رقم مانگنے کا الزام بھی مسترد کر دیا۔

مزید خبریں :