-----

شاہ رخ خان نے رنبیر کو فلم کا نام تجویز کرنے پر انعام دے دیا

Shah Rukh Pay Prize To Ranbir

بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے فلم ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کا نام تجویز کرنے پر رنبیر کپور کو 5000 روپے انعامی رقم دے دی۔

بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان اور انوشکا شرما ہدایت کار امتیاز علی کی فلم میں مرکزی کردار کررہے ہیں جب کہ فلم کی شوٹنگ کافی عرصے سے جاری ہے جس کے باوجود فلم کا نام تجویز نہیں کیا گیا تھا۔

گزشتہ دنوں سلمان خان نے بھی ٹوئٹر پر فلم کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے عوام سے نام تجویز کرنے کا کہا تھا لیکن اب رنبیر کی تجویز پر فلم کا نام ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ رکھ دیا گیا ہے اور فلم ’’جگا جاسوس‘‘ کی تشہیری تقریب میں خود انہوں نے نام رکھنے کا بتاتے ہوئے شاہ رخ خان سے انعامی رقم مانگی تھی۔

شاہ رخ خان نے رنبیر کپور کی خواہش پوری کرتے ہوئے انہیں اپنی فلم کا نام تجویز کرنے پر 5 ہزار روپے بطور انعام دیئے اور اس موقع پر لی گئی تصویر کنگ خان نے ٹوئٹر پر بھی شیئر کی۔ اپنی ٹوئٹ میں شاہ رخ خان نے لکھا کہ "جگا جاسوس‘‘ کا حساب برابر کردیا ہے لہذا کرن جوہر کا بھی حساب پورا کردینا کیوں کہ ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ میں ’’جب‘‘ انہوں نے لگوایا ہے۔

ہدایت کار امتیاز علی اور رنبیر کپور میں کافی گہری دوستی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہدایت کار رنبیر کی کسی بات کو یکسر مسترد نہیں کرتے ہیں جب کہ ان کی فلم میں شاہ رخ خان اور انوشکا شرما مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے اور فلم 4 اگست کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔