11 مئی ، 2024
کراچی میں جامع کلاتھ کے قریب پولیس، کسٹمز اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا نان کسٹم پیڈ غیر ملکی کپڑا اور دیگر سامان ضبط کرلیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس، کسٹمز اور رینجرز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد اسمگلنگ کیلئے جامع کلاتھ اللہ والی مارکیٹ اور اطراف میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا نان کسٹم پیڈ کپڑا اور دیگر سامان ضبط کرلیا ہے۔
حکام کے مطابق خفیہ گودام سے کروڑوں روپے مالیت کا بھاری مقدار میں اسمگل شدہ کپڑا قبضے میں لیا گیا ہے، نان کسٹم پیڈ غیر ملکی کپڑا بلوچستان سے اسمگل کر کے کراچی لایا گیا تھا۔
حکام کا کہنا تھا کہ برآمد شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کیلئے کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔
انسداد اسمگلنگ کی کارروائی کے بعد دکانداروں کا کہنا تھا کہ اگر ضبط کیا گیا سامان غیرقانونی ہے تو مکمل تحقیقات کرکے قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے۔