انٹرٹینمنٹ
25 جون ، 2017

سلمان ، شاہ رخ سمیت بالی وڈ شخصیات کی افطار پارٹی میں شرکت

سلمان ، شاہ رخ سمیت بالی وڈ شخصیات کی افطار پارٹی میں شرکت

کانگریس کے مسلمان رہنما بابا صدیقی کی جانب سے روایتی افطار پارٹی میں سلمان، شاہ رخ، سہیل خان، پریٹی زنٹا سمیت کئی نامور فلمی شخصیات نے شرکت کی۔

بالی وڈ میں ہر مذہبی تہوار کو بڑے پر جوش انداز میں منایا جاتا ہے اور اسی طرح رمضان المبارک میں بھی بھارتی فلم انڈسٹری میں افطار پارٹیوں کا دور چلتا ہے جب کہ فلم نگری میں اپوزیشن جماعت کانگریس سے تعلق رکھنے والے مسلم رہنما بابا صدیقی کی افطار پارٹی کو خاص اہمیت حاصل ہے۔

بابا صدیقی کے شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے گہری دوستی ہے جس میں سلمان خان اینڈ فیملی شامل ہے یہی وجہ ہے کہ فلم نگری کی بڑی تعداد ان کی جانب سے منعقدہ افطار پارٹی میں ضرور شرکت کرتی ہے۔

بابا صدیقی کی افطار پارٹی کو ایک اعزاز یہ بھی حاصل ہے کہ یہاں فلمی شخصیات تلخیاں بھلا کر ایک مرتبہ پھر ایک ساتھ مل بیٹھتی ہیں جس کا عملی مظاہرہ 2014 کی افطار پارٹی میں اس وقت دیکھنے میں آیا جب بابا صدیقی نے سلمان خان اور شاہ رخ خان میں صلح کرائی۔

کانگریس کے رہنما بابا صدیقی کی جانب سے ممبئی میں روایتی افطار پارٹی منعقد کی گئی جس میں بالی وڈ سلمان خان، شاہ رخ خان، سہیل خان، اسکرپٹ رائٹر سلیم خان، ہدایت کار کبیر خان ، سبھاش کپور، عباس اور مستان، موسیقار ہمیش ریشمیاں، اداکارہ پریٹی زنٹا، ہما قریشی، سلو میاں کی قریبی گرل فرینڈ لولیا وینتر سمیت چھوٹے پردے سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

شاہ رخ خان فلمی مصروفیات کے باعث افطار ڈنر میں تاخیر سے پہنچے تاہم ان کی شرکت سے قبل ہی سلمان خان اینڈ فیملی تقریب سے جاچکی تھی۔

سلمان خان نے تقریب میں اپنی گرل فرینڈ لولیا وینتر کے ہمراہ پہنچے جب کہ اداکارہ پریٹی زنٹا نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پہلی بار افطار پارٹی میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔

مزید خبریں :