دنیا
22 جولائی ، 2017

تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن موڑ پر ہے،احمد رضا قادری

تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن موڑ پر ہے،احمد رضا قادری

سابق وزیر اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن احمد رضا قادری کا کہنا ہے کشمیر میں تحریک فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکی ہے۔

انہوں نےیہ بات آرلنگٹن ٹیکساس میں پاکستانی سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے نائب صدر عابد ملک کی رہائش گاہ پر ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر مرزا تنویر اختر جرال،ڈاکٹر ریاض حیدر،اٹارنی سلمان بھوجانی،عابد بیگ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

احمد رضا قادری کا کہنا تھاکہ انہوں نے کہا کہ اس وقت یہ تحریک مکمل طور پر نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے جس کو کسی بیرونی طاقت کی پشت پناہی حاصل نہیں ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کو بین الااقوامی کمیونٹی کے سامنے لاناانتہائی ضروری ہے اور یہ کام امریکا میں رہنے والی کمیونٹی بہ حسن و خوبی سرانجام دے سکتی ہے ۔

رضا قادری نے کہا کہ کشمیر سے زیادہ تر رپورٹنگ انٹرنیٹ کے توسط سے کی جاتی تھی لیکن اب انڈیا کی حکومت نے انٹرنیٹ پر بندش عائد کی ہوئی ہے ۔موبائل سروسز تک بند ہیں جبکہ انڈیا نے بین الاقوامی ایجنسی ، اقوام متحدہ کے ادارے سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کا بھی کشمیر خصوصاً مقبوضہ ویلی میں داخلہ بند کیا ہوا ہے،جس کی وجہ سے وہاں پر ہونے والے مظالم اور ظلم و ستم کی داستانیں بیرونی دنیا تک خاص طور پر مغربی میڈیا تک نہیں پہنچ رہیں۔

انہوں نے کہا ہندوستان پاکستان پر بے بنیاد الزام عائد کرتا ہے کہ پاکستان حکومت اس تحریک کی پشت پناہی کرتی ہے درست نہیں ،انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان پاکستان کے عوام کا یہ دینی اور ملی اور انسانی فریضہ ہے کہ وہ وہاں کے مجبور عوام کی ہر لحاظ سے مدد کریں لیکن پاکستان کشمیریوں کی سفارتی امداد کے علاوہ کچھ نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں مقیم تارکین وطن بالخصوص کشمیریوں کو چاہیے کہ وہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم کا پردہ مغربی میڈیا کے سامنے فاش کریں اور اپنے علاقوں کے اراکین کانگریس سینٹرز کو پٹیشن کے ذریعہ یہ پیغام پہنچائیں جبکہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق تصاویر انکو ارسال کریں، سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے امریکی عوام کو بتائیں کہ کشمیر میں بڑی تعداد میں انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے، اس ضمن میں صحیح طور اپنا کردار ادا کر یں۔

رضا قادری کا مزید کہنا تھا کہ امریکا میں رہنے والے پاکستانی امریکا میں بلا تنخواہ کے سفیر ہیں جبکہ آپکے کردار،افعال،رویہ ، سے جڑی آپ کی سفارتکاری کشمیر کے عوام کو بے انتہا تقویت دے سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ہمیشہ پاکستان کی تقویت اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر اول دستہ کا کرداد ادا کیا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم کو بھی آپ سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے بھائی بہنیں کشمیر میں جس ظلم و ستم کا شکار ہیں اور جس آزادی کی جنگ کو وہ لڑ رہے ہیں آپ اس جنگ کو امریکامیں رہتے ہوئے بھی مثالی بناکر اسکو اخلاقی مدد دے سکتے ہیں جبکہ آپ یہاں کے عوام اور حکومت سمیت عوامی نمائندگان سے اس ضمن میں جو کردار ادا کر رہے ہیں اس کے لیے آپ مبارکباد کے مستحق ہیں، جبکہ کشمیری عوام کی جانب سے میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مزید خبریں :