پاکستان
Time 16 ستمبر ، 2017

’نوازشریف کو کہتے ہیں لیکن عمران خود بھی اداروں کے فیصلے نہیں مانتے‘

سکھر: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے عمران خان نوازشریف کو تو کہتے ہیں لیکن خود بھی اداروں کے فیصلے نہیں مانگے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو سپریم کورٹ کا فیصلہ ماننا پڑے گا جب کہ عمران خان نوازشریف کے لیے کہتے ہیں کہ وہ اداروں کے فیصلے نہیں مانتے لیکن عمران خان خود بھی تو اداروں کے فیصلے نہیں مانتے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اس کے احکامات نہ ماننا اس ادارے کی توہین ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اسمبلی کی مدت 4 سال کرنے پر راضی ہے اور (ن) لیگ نے بھی اگلے الیکشن سے اسمبلی کی مدت 4 سال کرنے پررضا مندی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں کوئی دوست یا دشمن نہیں ہوتا، دیگرجماعتوں کواپنا اپوزیشن لیڈر لانے کا حق ہے جب کہ ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کی قربت پر مجھے تو کوئی اعتراض نہیں، دونوں جماعتیں ایک دوسرے کی نظر میں بہتر ہوگئی ہیں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نئے چیرمین نیب کے نام پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

مزید خبریں :