Time 26 اپریل ، 2024
کھیل

11 ویں حب ریلی کیلئے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل، دلچسپ و مشکل ٹریک تیار

حب ریلی کا 11 واں ایڈیشن کا میلہ اتوار کو بلوچستان کے علاقے حب میں سجے گا جس کیلئے ڈرائیورز نے ٹریک کی ریکی شروع کردی ہے/ فائل فوٹو
حب ریلی کا 11 واں ایڈیشن کا میلہ اتوار کو بلوچستان کے علاقے حب میں سجے گا جس کیلئے ڈرائیورز نے ٹریک کی ریکی شروع کردی ہے/ فائل فوٹو

11ویں حب ریلی کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں جس کیلئے 51 کلومیٹر پر مشتمل دلچسپ و مشکل ٹریک بنایا گیا ہے۔

حب ریلی کا 11 واں ایڈیشن کا میلہ اتوار کو بلوچستان کے علاقے حب میں سجے گا جس کیلئے ڈرائیورز نے ٹریک کی ریکی شروع کردی ہے۔

حب ریلی کے چیف آرگنائزر شجاعت شیروانی کا کہنا ہے کہ 51 کلو میٹر کا نیا ٹریک تیار کیا گیا ہے جس کا آغاز اس بار گڈانی کی ساحلی پٹی سے ہوا، ٹریک میں چھوٹے بڑے موڑ بھی ہیں، صحرا بھی ہیں اور چھوٹی چٹانیں بھی ہیں، یہ پاکستان کی سب سے چھوٹی ریلی کہلاتی ہے جس طرح ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا چھوٹا فارمیٹ ہوتا ہے، چھوٹا ٹریک ہونے کی وجہ سے یہاں پر گاڑی کی رفتار کو بھی کنٹرول رکھنا ہوتا ہے اور بار بار موڑ آنے کی وجہ سے اس کے توازن کو بھی برقرار رکھنا بڑا چیلنج ہوتا ہے، اس لیے پاکستان کے نامور ڈرائیورز اس ریلی میں شرکت کیلئے بلوچستان کا رخ کرتے ہیں۔

 شجاعت شیروانی نے بتایا کہ حب ریلی پہلے صرف 10 سے 15 کلو میٹر کی ہوا کرتی تھی، پھر آہستہ آہستہ اس ریلی کے ٹریک کو بڑھایا گیا جو اب 51 کلو میٹر تک جا پہنچا ہے، آنے والے وقت میں اس ٹریک میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ واحد ریلی ہے جس کو حکومت کی سرپرستی نہیں ملتی، نہ ہی بلوچستان حکومت اس ریلی کو بلوچستان اسپورٹس کے کلینڈر کا حصہ بناتی ہے، اس کے اخراجات مختلف اسپانسرز کی مدد سے پورے کیے جاتے ہیں لیکن انہیں امید ہے جلد حب ریلی کو حکومت کی مالی مدد بھی ملے گی تاکہ اس کے ٹریک کو بڑھایا جاسکے۔

شجاعت شیروانی کا کہنا تھاکہ حب ریلی چار مختلف اقسام پر مشتمل ہوگی جس میں لیڈیز ایونٹ، ویٹرنز ایونٹ کے علاوہ اسٹاک کی چار اور پری پئیرڈ کی چار اقسام شامل ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہفتے کے روز گاڑیوں کی رجسٹریشن ہوگی، گاڑیوں میں موجود حفاظتی سامان کا جائزہ لیا جائے گا، ہر گاڑی میں رول بار کا ہونا ضروری ہوگا تاکہ ڈرائیورزکی زندگی کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جاسکے۔

اس کے علاوہ حب ریلی کی انعامی رقم 50 لاکھ روپے پر مشتمل ہے۔

مزید خبریں :