فلم 'پدماوتی' میں دپیکا نے 400 کلو سونا پہنا

بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے فلم ’’ پدماوتی ‘‘ میں 400 کلو سونے کا استعمال کیا ہے۔

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی نے تیرہویں صدی کی کہانی اور دپیکا پدوکون، شاہد کپور اور رنویر سنگھ کے زیورات سے لدے پھدے کرداروں میں جان ڈالنے کے لیے کافی وقت اور پیسے لگائے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق زیورات کی تیاری کا کام فلم کی شوٹنگ سے پہلے ہی شروع کیا جا چکا تھا اور 200 کاریگروں نے 600 دنوں میں 400 کلو وزنی سونے کے خوبصورت زیورات بنائے۔

فلم میں زیورات ہی نہیں بلکہ ملبوسات پر بھی کافی محنت کی گئی ہے اور اداکارہ دپیکا پڈوکون کو پچھلی دو فلموں ’’رام لیلا‘‘ اور ’’باجی راؤ مستانی‘‘ سے منفرد دکھایا گیا ہے۔

فلم میں اداکارہ کے ملبوسات بھی بھاری بھرکم ہیں اور  دپیکا کو ’رانی‘ کے کردار میں بھی صرف لباس پہننے میں بھی کافی محنت کرنا پڑی ہے کیوں کہ ان کے لباس کا وزن ہی 20 کلوگرام سے زائد ہے۔

فلم میں اداکارہ دپیکا پڈوکون نے ایک لہنگا بھی زیب تن کیا ہے جس کا وزن 30 کلوگرام اور مالیت 20 لاکھ ہے۔

 اس فلم میں دپیکا پڈوکون مہارانی کا کردار اداکریں گی جبکہ رنویر سنگھ مشہور حکمران علاؤ الدین خلجی کے روپ میں جلوہ گر ہورہے ہیں۔

سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں شاہد کپور بھی شامل ہیں جو رانی کے شوہر مہاراج رانا راول رتن سنگھ کا کردار نبھا رہے ہیں۔

فلم کی کہانی رانی پدمنی کی زندگی کے گرد گھومتی نظر آتی ہے جو اپنی خوبصورتی، بہادری اور ذہانت کے باعث مشہور تھی۔

فلم کا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا ہے جسے اب تک 2 کروڑ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں جب کہ فلم یکم دسمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔


مزید خبریں :