پاکستان
Time 16 جنوری ، 2018

انٹرا پارٹی کیس میں تحریک انصاف سے مزید تفصیلات طلب

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی کیس میں تحریک انصاف کی تفصیلات نامکمل قرار دیتے ہوئے مزید دستاویزات طلب کرلیں جب کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں اکبر ایس بابر کی مزید دستاویزات دینے کی درخواست مسترد کردی۔

چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی کیس کی سماعت کی اور کیس کا فیصلہ آج سنانے کی بجائے اسے مؤخر کردیا۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کو نامکمل قرار دیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی سے انٹرا پارٹی انتخابات میں ووٹوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

تحریک انصاف کے وکیل شاہد گوندل نے بینچ کو بتایا کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں ایس ایم ایس کے ذریعے پولنگ کرائی گئی۔

الیکشن کمیشن نے دوبارہ تمام تفصیلات طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی اور مزید تفصیلات کی جانچ کے بعد ہی پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ سنایا جائے گا۔

غیر ملکی فنڈنگ کیس

دوسری جانب الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی بھی  سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر نے نئی دستاویزات جمع کرنے کے لیے درخواست دائر کی جسے مسترد کردیا گیا۔

اکبر ایس بابر کے وکیل نے کہا کہ تحریک انصاف کو ڈنمارک، قطر اور بحرین سمیت دیگر ممالک سے ممنوعہ فنڈنگ ہوئی جس پر ان کے مؤکل مزید دستاویزات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

اس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ کمیشن پی ٹی آئی کی فنڈنگ سے متعلق اسکروٹنی خود کرے گا۔

الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کی درخواست مسترد کرتے ہوئے مزید سماعت 7 فروری تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :