06 فروری ، 2015
کراچی.......کراچی میں قاتلوں کو کھلی چھٹی،کھلی سڑکوں پر لوگوں کے سامنے قتل کرتے ہیں اور دن کی روشنی میں فرار ہو جاتے ہیں۔ کشمیر روڈ پر 23 جنوری کو ایک ٹارگٹ کلر موٹرسائکل پر آیا، رکی ہوئی ٹریفک میں تاجر سے کچھ دیر بات کی، پھر اسے سر پر گولی مار کر چلتا ہوا فرار ہو گیا۔ 23جنوری کو کراچی کے انتہائی مصروف کشمیرروڈپردن دیہاڑےٹارگٹ کلنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج نے ایک بار پھردہشت اور بربریت کے تسلسل کو واضح کیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹارگٹ کلرز موٹرسائیکل پر آئے اور شادی ہال کے بالکل سامنے انہوں نے شوروم اوونر فہیم انور کی گاڑی کو روکا، جینز اور سفید رنگ کی شرٹ پہنا ٹارگٹ کلر پراڈو میں بیٹھے فہیم انور کی طرف آیا اور اس سے شیشہ اتارنے کو کہا ، کئی منٹ تک اس سے بات چیت کی اور پھر اس پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کرنے کے بعد وہ مخالف سمت میں بھاگا اور فرار ہو گیا۔ فہیم انور کو اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ فہیم انور پر فائرنگ کے وقت کشمیرروڈپرٹریفک کی روانی بھی متاثرہوئی، قتل کی یہ واردات جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود میں پیش آئی اور 14دن گزر جانے کے باوجود تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی اور نہ ہی کوئی ملزم گرفتار کیا جاسکا، رابطہ کرنے پر تفتیشی حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ قتل کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں ۔